ہلیال، یکم اگست (ایس او نیوز) تعلقہ کے تٹّی ہلّی ڈیم کے بیک واٹر میں مچھلیوں کے شکار کے لئے جانے کے بعدوہاں ڈوب کر لاپتہ ہونے والے دو نوجوانوں کی لاشیں بر آمد کرلی گئی ہیں۔
ڈیم کے پانی میں غرقابی سے موت کا شکار ہونے والے نوجوانوں کی شناخت بھاگوتی گرام کے رہنے والے قدرت علی حسن صاب جانگلے (30سال) اور اس کے رشتے دار داؤد صاب حسن صاب مجاور(35سال) کے طور کی گئی ہے۔ان دونوں نوجوانوں کے پانی میں ڈوب کر لاپتہ ہونے پر پولیس، ایمرجنسی محکمہ کا عملہ اور عوام نے مل کرمنگل اور بدھ کے دن تلاشی مہم چلائی۔پھر بدھ کی شام کو ڈیم کے پانی سے دونوں کی لاشیں ابھرآئیں اور ایک کنارے لگ گئیں۔ پولیس نے لاشو ں کو اپنی تحویل لیتے ہوئے کیس درج کرلیا اور اس کے بعد پوسٹ مارٹم کی کارروائی پوری کرکے لاشیں رشتے داروں کے حوالے کی گئیں۔